گلگت: غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی میں غیر معمولی اضافہ کرنے کا فیصلہ
گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی غیر معمولی طور پر سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ سکیورٹی شرائط کی خلاف ورزی پر متعلقہ این او سی منسوخ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں نان سی پیک منصوبوں، کاروباری سرگرمیوں اور کان کنی کے مقامات پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی، اس کے علاوہ غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی آڈٹ اور خطرات کا جائزہ (تھریٹ اسیسمنٹ) لازمی طور پر مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔
آئی جی پولیس نے چیک پوسٹوں پر نگرانی سخت کرنے اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، اجلاس میں غیر ملکی شہریوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے پیشگی اطلاع دینا بھی لازمی قرار دیا گیا۔
حکام کو ہدایت کی گئی کہ سکیورٹی سے متعلق تمام قانونی تقاضوں اور طے شدہ شرائط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ این او سی منسوخ کرنے سمیت ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
آئی جی گلگت بلتستان ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے واضح کیا کہ غیر ملکی شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments