کچہری دھماکے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کی پالیسی جلد بنانے کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلع کچہری خودکش دھماکے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق پالیسی جلد مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے معاملہ سیکرٹری کابینہ کو بھیجنے اور پالیسی وفاقی کابینہ میں پیش کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی، جس میں وزارت داخلہ کے سیکشن افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی۔
وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق معاوضے کی ادائیگی سے متعلق پالیسی وزیراعظم کے ذریعے تیار ہو کر وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت تک پہنچ گیا ہے، چلیں کچھ تو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سب کا بھلا ہو جائے گا اور متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا پیکج بن جائے گا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ معاملہ سیکرٹری کابینہ کو بھیجا جائے تاکہ اسے کابینہ کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ عدالت نے وزارت داخلہ کی سیکشن افسر کو بھی ہدایت کی کہ وہ معاملے کی پیروی کریں اور سیکرٹری کابینہ سے رابطے میں رہیں۔
درخواست گزاروں کے وکلا تصدق حنیف، بلال مغل اور چوہدری نجم الحسن عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ان ہدایات کے ساتھ کیس کی مزید سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments