حکومت آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے کیلئے کوشاں ہے: شزہ فاطمہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ حکومت براہ راست سرمایہ کاری اور آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ سے پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران چیئرمین محمد زوہیب خان نے شزہ فاطمہ خواجہ کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر وزیر مملکت شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ حکومت براہ راست سرمایہ کاری اور آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے انڈسٹری کا تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کمپنیوں کیلئے پاکستانی آئی ٹی ہنرمند بہترین چوائس ثابت ہوسکتے ہیں، عالمی طلب اور مقامی رسد کے خلاء کو پُر کرنے کیلئے ایسوسی ایشن اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

چیئرمین پاشا محمد زوہیب خان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی ایسوسی ایشن وزارت آئی ٹی کے شانہ بشانہ معاشی استحکام میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، وزیر مملکت کا مسائل کے فوری حل اور آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کا عزم لائق تحسین ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں