انسٹاگرام پر عریاں ویڈیوز و تصاویر کو چھپانے کے فیچر کی آزمائش

نیویارک: (ویب ڈیسک) انسٹاگرام پر عریاں ویڈیوز اور تصاویر کو چھپانے یا انہیں بلر کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی۔

انسٹاگرام نے بلاگ پوسٹ میں تصدیق کی کہ پلیٹ فارم پر نیوڈٹی پروٹیکشن فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی جس کے تحت نامناسب مواد کو چھپایا جائے گا۔

مذکورہ فیچر کے تحت انسٹاگرام کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سسٹم ازخود عریاں ویڈیوز اور تصاویر کو براہ راست انباکس میں بھیجے جانے کے بعد چھپا دے گا یا انہیں بلر کردے گا۔

یعنی جیسے ہی کوئی صارف دوسرے صارف کو فحش ویڈیوز یا تصاویر بھیجے گا تو انسٹاگرام کا اے آئی سسٹم مرد و خواتین کے جنسی اعضا کی شناخت کے بعد ایسی ویڈیوز اور تصاویر کو بلر کردے گا۔

فیچر کے تحت ویڈیوز اور تصاویر کو ڈیلیٹ نہیں کیا جائے گا بلکہ انہیں انتباہ کے طور پر چھپا دیا جائے گا یا انہیں بلر کر دیا جائے گا، جس کے بعد صارف مذکورہ ویڈیو یا تصویر پر کلک کر کے اسے درست طریقے سے دیکھنے کے اہل ہو جائے گا۔

مذکورہ فیچر کی آزمائش خصوصی طور پر نوعمر صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے کیوں کہ انسٹاگرام 18 سال سے کم عمر صارفین میں بھی مقبول ہے اور دیکھا گیا ہے کہ ایسے کم عمر صارفین کو فحش مواد انباکس میں زیادہ بھیجا جاتا ہے۔

انسٹاگرام سمیت دیگر ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس کو بھی کم عمر افراد کو جنسی مواد سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے اور مختلف پلیٹ فارمز مختلف اوقات میں نوعمر صارفین کے تحفظ کیلئے فیچرز پیش کرتے رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں