پاکستان خطے میں آئی ٹی لیڈر بننے کے لئے تیار ہے: شزہ فاطمہ

لاہور:(دنیا نیوز) وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں آئی ٹی لیڈر بننے کے لئے تیار ہے۔

وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ایکسپو سنٹر لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں 600 سے زائد کمپنیوں اور 100 سے غیر ملکی وفود نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد آئی ٹی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کرنا ہے، پاکستان ریجنل ٹیکنالوجی کا ریجنل حب بننے جارہا ہے، پاکستان خطے میں آئی ٹی لیڈر بننے کے لئے تیار ہے، حکومت آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوانوں میں بہت پوٹینشل موجود ہے، سعودی عرب سمیت ڈی سی او کے دیگر 16 ممالک ہمارے ساتھ ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔

شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے مختلف قوانین اور پالیسیوں پر کام ہورہا ہے، دیما الیحییٰ Deemah Alyahya سیکرٹری جنرل ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن پاکستان ہمارے ڈی سی او کے بانی رکن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد پاکستان کے ٹیکنالوجی کے شعبے سے استفادہ اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو سپورٹ کریں گے، ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام آرہا ہے اس لئے آئی ٹی سمیت مختلف شعبے ترقی کررہے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھاکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کے بعد سعودی وفد کا عید کے اگلے روز پاکستان آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی حالات سازگار ہورہے ہیں۔

شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ سابق دور میں نوجوانوں کو نیشنل انوویشن ایوارڈ کے تحت 60 ارب روپے کے قرضے دئیے گئے، ہنرمند نوجوانوں کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ انٹرپینیور بن سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹک ٹاک امریکہ اور بھارت سمیت کئی ممالک میں نہیں چل رہا،ملک میں سائبر سکیورٹی خطرات اور ڈیٹا پروٹیکشن کے حوالے سے قانون سازی کی ضرورت ہے، مس اور ڈس انفارمیشن دنیا بھر کا بڑا مسئلہ ہے جس کے لئے بھی قانون سازی کرنے جارہے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں