تنخواہ کی عدم ادائیگی پر ریسٹورنٹ کو اڑانے کی دھمکی

کرناٹک: (ویب ڈیسک) تنخواہ کی عدم ادائیگی پر سابق ملازم نے انوکھی حرکت کر دی۔

پولیس کے مطابق بھارت کی ریاست کرناٹک کے علاقے اندرا نگر میں ایک ریسٹورنٹ کو فون کال موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ریسٹورنٹ میں بم رکھا گیا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔

ریسٹورنٹ کے مالک نے فوری طور پر پولیس کو طلب کیا جس پر بم سکواڈ کے ہمراہ بارودی مواد کی تلاش شروع کی اور بعد میں فون کال کو جعلی قرار دیا۔

پولیس نے جب فون نمبر کو ٹریک کر کے تحقیقات کا آغاز کیا تو معلوم ہوا کہ ملزم ریسٹورنٹ کا سابق ملازم ہے جس نے تنخواہ کی عدم ادائیگی پر یہ حرکت کی، ملزم کی شناخت ویلو کے نام سے ہوئی جو شراب نوشی کا عادی ہے اور کام کے وقت بھی نشے کی حالت میں رہتا تھا، اس نے دوسرے ملازمین کے ساتھ بدتمیزی کی تھی جس کے باعث اس کی تنخواہ روکی گئی۔

ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ملزم نے تنخواہ نہ ملنے کا بدلہ لینے کیلئے دھمکی آمیز فون کال کی تھی، پولیس نے ملزم ویلو کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کرنے کے بعد معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں