قرض لینے کیلئے لالچی خاتون مردہ چچا کے ساتھ بینک پہنچ گئی

برازیل :(ویب ڈیسک ) برازیل میں لالچی خاتون بینک سے 17 ہزار برازیلین ریال قرض لینے کے لیےچچا کی نعش کرسی پر بٹھا کر بینک پہنچ گئی۔

برطانوی جریدے کے مطابق خاتون ملازمین کے سامنے مردہ شخص کا سر اٹھا رہی تھی جس سے بینک ملازمین کو کچھ مشتبہ لگا، ایک ملازم نے کہا مجھے نہیں لگ رہا کہ یہ قانونی کام ہو رہا ہے، کیونکہ ان کا جسم پیلا پڑ رہا ہے۔

خاتون نے جواب دیا یہ ایسے ہی ہیں، پھر خاتون نے کرسی پر بٹھائی گئی اپنے چچا کی میت کو مخاطب کرکے کہا اگر آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو میں آپ کو ہسپتال لے جاتی ہوں، آپ دوبارہ ہسپتال جانا چاہتے ہیں۔

دریں اثنا ملازمین نے خاتون کی ایک ویڈیو بنا لی اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیل گئی، خاتون نے اپنے فوت شدہ چچا سے قرض کے لیے نامزد دستاویزات پر دستخط کرنے کو کہا! خاتون کہ رہی ہے کیا آپ سن رہے ہیں؟ آپ کو دستخط کرنا ہوں گے، میں آپ کے لیے دستخط نہیں کر سکتی۔

اس دوران ملازمین نے فوری طور پر ایمبولینس اور پولیس کو ریو ڈی جنیرو میں واقع بینک میں بلا لیا،پیرامیڈیکس نے تصدیق کردی کہ 68 سالہ شخص کی موت بینک لے جانے سے چند گھنٹے قبل ہو گئی تھی۔

پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا، خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ متوفی شخص کی بھانجی ہے اور اس کی دیکھ بھال کرتی ہے، موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کے نتائج کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

 برازیلی پولیس تحقیقات کر رہی ہے کہ کہیں اس واقعہ میں کوئی اور لوگ بھی تو ملوث ہیں اور یہ ایک منظم دھوکہ دہی تو نہیں ہے۔

واضح رہے 17 ہزار برازیلین ریال کی مالیت 3215 امریکی ڈالر کے لگ بھگ بنتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں