ہاتھیوں نے بھی ’غنڈہ ٹیکس‘ کی وصولی شروع کر دی

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے ہاتھی بھی ’غنڈہ ٹیکس‘ وصول کرنے لگے۔

سری لنکا میں ہاتھیوں کو ثقافتی و مذہبی روایات کے باعث خصوصی اہمیت دی جاتی ہے جس کی وجہ سے وہ سڑکوں پر آزادانہ گھومتے پھرتے ہیں جو اکثر کسی نہ کسی حادثے کا سبب بنتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شہر کی عام شاہراہوں پر جمع ہونا ہاتھیوں کا معمول بن گیا ہے، ان کی بدمعاشیاں اس حد تک بڑھ چکی ہیں کہ لوگوں کا سڑکوں پر گاڑی چلانا بھی انتہائی دشوار ہوچکا ہے اور انہیں کچھ دیئے بغیر وہاں سے گزرنا ناممکن ہے۔

ہاتھیوں کی دیدہ دلیری اور اور بدمعاشی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہ سڑک کے کنارے جھاڑیوں کی آڑ میں چھپ کر کھڑے ہوتے ہیں اور اچانک کسی بھی گاڑی کے سامنے آجاتے ہیں، جب تک اسے کوئی کھانے کی چیز نہ دی جائے تو وہ اسے جانے نہیں دیتا اور اگر غصہ آجائے تو گاڑی کو پوری طاقت سے ہلا دیتا ہے اور لوگ جان بچا کر وہاں سے بھاگنے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں۔

مقامی حکومتوں نے ان مسائل سے نمٹنے کیلئے جنگلات کے قریب ہاتھیوں کیلئے کھائی کھودنا شروع کی تاکہ انسانی بستیوں کو ہاتھیوں کے حملوں سے محفوظ رکھا جا سکے اسی طرح کے اور بھی اقدامات کئے گئے ہیں لیکن اس صورتحال پر قابو نہیں پایا جاسکا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں