تائیوان کے سکول کی منفرد شرط، گریجویشن کیلئے 15 میٹر بلند دیوار سر کرنا لازمی
تائی پے: (ویب ڈیسک) تائیوان کی کاؤنٹی چانگہوا میں واقع ایرشوئی جونیئر ہائی سکول نے طلبہ کیلئے گریجویشن حاصل کرنے کی ایک منفرد شرط مقرر کر رکھی ہے۔
الیکس ہونولڈ کی جانب سے تائی پے 101 ٹاور پر چڑھنے کے بعد تائیوان میں کوہ پیمائی کے شوق میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم چانگہوا کاؤنٹی کا یہ سکول برسوں سے طلبہ کو عملی طور پر کوہ پیمائی کی تربیت دے رہا ہے، ایرشوئی جونیئر ہائی سکول نہ صرف تائیوان کی بلند ترین کلائمبنگ وال کا مالک ہے بلکہ اسے طلبہ کی عملی تربیت کا باقاعدہ حصہ بھی بنایا گیا ہے۔
سکول میں ہر طالب علم ہفتے میں چھ اسباق کلائمبنگ کے لیتا ہے اور تعلیم مکمل کرنے سے قبل اسے اس دیوار پر چڑھنے کی صلاحیت ثابت کرنا ہوتی ہے، اس منفرد شرط کا مقصد طلبہ میں جسمانی ہم آہنگی، توازن، خود اعتمادی اور توجہ کو فروغ دینا ہے۔
یہ دیوار تقریباً پانچ منزلہ عمارت کے برابر بلند ہے جو عام افراد کے لیے خوف کا باعث بن سکتی ہے، تاہم سکول کے طلبہ اسے ایک دلچسپ کھیل اور چیلنج کے طور پر لیتے ہیں، کئی طلبہ فارغ اوقات میں اپنے والدین کے ساتھ بھی کلائمبنگ کی مشق کرتے ہیں جس سے نہ صرف ان کی مہارت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ خاندانی روابط بھی مضبوط ہوتے ہیں۔