برطانیہ کے مشہور بلے کو اقتدار کی راہداریوں میں دوڑتے 15 سال مکمل
لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں ایوان اقتدار میں اگر کوئی سب سے زیادہ مستقل، پُراعتماد اور غیر متزلزل رہا ہے تو وہ لیری دی کیٹ ہے جو آج 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں بطور چیف ماؤسر اپنے 15 سال مکمل کر رہا ہے۔
برطانیہ میں کئی وزرائے اعظم آئے اور گئے مگر لیری آج بھی برطانیہ کی سیاسی تاریخ کا سب سے تجربہ کار اور مقبول کردار ہے۔
لیری کی کہانی 2011 میں اس وقت شروع ہوئی جب وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے دور میں ڈاؤننگ سٹریٹ کو چوہوں سے نمٹنے کے لیے ایک قابل اعتماد شکاری کی ضرورت پیش آئی، لندن کے ایک مشہور شیلٹر سے گود لیے جانے والے لیری کی عمر اس وقت تقریباً چار سال تھی، سفید اور بھورے رنگ کا یہ بلا جلد ہی نمبر 10 کے دروازے سے دنیا بھر کے کیمروں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
اس کی سرکاری بائیوگرافی کے مطابق لیری صرف چوہے پکڑنے تک محدود نہیں، بلکہ مہمانوں کا استقبال، سکیورٹی کا معائنہ اور قدیم فرنیچر کی کوالٹی چیک کرنا بھی اس کے اہم فرائض میں شامل ہے۔

دنیا بدلتی رہی، لیکن لیری کی شان برقرار رہی، ڈیوڈ کیمرون سے لے کر کیئر سٹارمر تک چھ وزرائے اعظم آئے اور گئے، مگر لیری نے ہر حکومت کا پورے وقار سے سامنا کیا، چاہے وہ بریگزٹ کا طوفان ہو، کووِڈ کی عالمی وبا، پارٹی گیٹ کا ہنگامہ، لز ٹرس کے صرف 49 دن، یا رِشی سونک کا نسبتاً پُرسکون دور۔
19 سالہ سیاسی بزرگ سمجھے جانے والے لیری کا ٹھہراؤ ایسا ہے کہ وہ ہر بحران سے بڑی شان سے گزرتا دکھائی دیتا ہے، کئی بار تو وہ عالمی رہنماؤں کی توجہ بھی چُرا لیتا ہے، چاہے وہ یوکرین کے صدر زیلنسکی کا دورہ ہو یا کسی اور عالمی شخصیت کی آمد ہو۔
لیری کا ایکس اکاؤنٹ @Number10cat آٹھ لاکھ سے زیادہ فالوورز رکھتا ہے، نامعلوم ایڈمن لیری کی روزمرہ زندگی، اس کی بارش سے جھنجھلاہٹ، اور سیاستدانوں پر ہلکے پھلکے طنزیہ تبصرے شیئر کرتا رہتا ہے۔
جو جو اور پرنس سمیت کیئر سٹارمر کے گھر میں نئی بلیوں کی آمد کے باوجود لیری کی پوزیشن اٹل ہے کیونکہ وہ ایک مستقل سرکاری ملازم ہے اور وزرائے اعظم کی طرح اسے کبھی گھر بدلنے کی فکر نہیں۔

لیری کی طرح دیگر سیاسی رہنماؤں کے پاس بھی مشہور بلیاں رہی ہیں جیسے امریکہ کی وائٹ ہاؤس میں کلنٹن دور کی بلی ساکس اور بیلجیم کے وزیرِاعظم کی مشہور بلی میکسمس مگر 15 سال بعد بھی لیری کی مقبولیت اسی طرح برقرار ہے، 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کا یہ بلا اپنے بادشاہانہ انداز سے آج بھی سب کے دل جیت رہا ہے۔