اومان میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب، بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق

مسقط: (دنیا نیوز) اومان میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب آ گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اومان میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی جس میں کم از کم 17 افراد جان کی بازی ہار گئے، مرنے والوں میں سکول جانے والے بچے اور ایک ڈرائیور شامل ہے، بارشوں کی وجہ سے اومان کا شمالی صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

اومانی فوج اور پولیس کو صوبے میں شہریوں کو سیلاب زدہ علاقوں سے نکالنے کیلئے تعینات کر دیا گیا ہے، سیلابی صورتحال کے بعد متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو گئیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب دبئی میں بھی تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، دبئی میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ گرج چمک، بارش اور ممکنہ طور پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں