اسرائیل کا ایرانی شہراصفہان پرفضائی حملہ، ایران کے کئی شہروں میں پروازیں معطل

نیویارک: (دنیا نیوز/ویب ڈیسک ) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے صوبے اصفہان کے ہوائی اڈے کے قریب میزائل حملہ کیا، حملے کے بعد زور دار دھماکے کی آوازیں سنی گئیں ،جس کے بعد ایران نے اصفہان سمیت کئی شہروں کے لیے پروازیں معطل کر دیں تاہم ایران نے اسرائیلی حملے کی تردید کی ہے ۔

 غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ  اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبے اصفہان میں ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ شام اور عراق میں بھی اسرائیل کے فضائی حملہ کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، حملے کے بعد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اصفہان ایئرپورٹ کے نزدیک دھماکے کی آواز سنی گئی، اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد ایران میں تہران، شیراز اور اصفہان کے ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا، ایئرپورٹس کی بندش کے بعد ہر قسم کی پروازیں معطل ہو گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اصفہان کے ہوائی اڈے پر دھماکے کے بعد ایران نے متعدد شہروں میں ائیرڈیفنس سسٹم فعال کر دیا تاہم حملے کے بعد ابھی تک کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئیں۔

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق کے جنوب، مغرب میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے پرواز کیں ، عراق اورشام میں بھی اہداف کو نشانہ بنایا۔

ایران کا اسرائیل کے 3ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کا بتانا ہے کہ  مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجکر 30 منٹ پر اصفہان پر تین ڈرون حملے کیے گئے، ایرانی فضائیہ نے تینوں ڈرون مار گرائے۔

ایرانی حکام کے مطابق اسرائیل کی جانب سے میزائل داغے جانے کا دعویٰ بھی مسترد کردیا گیا ۔

 جوہری تنصیبات مکمل طور پرمحفوظ ہیں : ایران

 ایران کے مقامی میڈیا نے کہا ہے کہ اصفہانی دھماکوں کی آوازیں سننے کے بعد شہر میں جوہری تنصیبات مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

ایران نے اسرائیل کو جوہری تنصیبات پر حملے نہ کرنے کی وارننگ دیدی ، ایرانی جنرل احمد حق طالب کا کہنا ہےکہ اگر اسرائیل نے جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو مناسب جواب دیا جائے گا ،اگلی جوابی کارروائی میں جدید میزائل استعمال کریں گے ۔

ان کاکہنا تھا کہ تنازع کور وکنے کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کرے ، تہران نے صیہونی متوقع حملوں پر جوہری پالیسیوں پر نظرثانی کا عندیہ بھی دیدیا۔

اصفہان میں کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں :ایرانی جنرل

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے صوبہ اصفہان میں فوج کے ایک جنرل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اصفہان میں جو زوردار آواز سنی گئی وہ مشکوک اشیا پر فضائی دفاعی فائرنگ کی وجہ سے تھی۔‘

ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل داغے جانے کے بعد اسرائیل نے گزشتہ ہفتے ایران کو جوابی کارروائی کا وعدہ کیا تھا، اس ضمن میں امریکا، برطانیہ  اور کئی یورپی ممالک اسرائیل سے مطالبہ کرتے رہے ہیں  کہ وہ کسی قسم کی جوابی کارروائی سے گریز کریں۔

ایران کا انتباہ

دوسری جانب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بھی دوٹوک الفاظ میں اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے ایران کو نقصان پہنچایا تو فوری، سخت اور وسیع پیمانے پر سنگین ردعمل ہوگا اور اس کے لیے وہ مزید 12 دن انتظار نہیں کریں گے۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کرنے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ 13 اپریل کی شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 300 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، جسے آپریشن سچا وعدہ کا نام دیا گیا، حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیبات اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں کیا گیا  جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں