بیوی کی موت سے دلبرداشتہ ہوکر شوہر نے خودکشی کرلی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ٹریفک حادثے میں بیوی کی موت سے دلبرداشتہ ہوکر شوہر نے خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ یوگیش اور مانی کماری کی شادی 6 ماہ قبل ہوئی تھی، مانی پیشے کے اعتبار سے اسپتال کی پیرا میٹک سٹاف نرس تھی جب کہ یوگیش ایک ٹیچر تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مانی کماری اپنے ہسپتال ہی جارہی تھی کہ سڑک پر ایک موٹر سائیکل نے اسے ٹکر مار دی جس سے اس کی موت ہوگئی۔

پولیس کے مطابق اہلیہ کی موت کی خبر شوہر یوگیش کو دی گئی تو اس نے لاش کو گھر لے جانے کے بعد خود کو کمرے میں بند کرلیا، پڑوسیوں نے یوگیش کے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا، کوئی جواب نہ ملنے پر دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے تو یوگیش کو چھت کے پنکھے سے لٹکا ہوا پایا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ پڑوسیوں کے اطلاع دینے کے بعد پولیس نے یوگیش کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا، یوگیش کے کمرے سے ایک خط بھی ملا جس میں لکھا تھا کہ ہم ساتھ جیئیں گے اور ساتھ مریں گے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں