غزہ تنازع کا حل: امریکی صدر کے قطری امیر، مصری ہم منصب کو فون

کراچی: (دنیا نیوز) امریکا کی جانب سے غزہ تنازع حل کرنے کیلئے رابطے تیز کر دیئے گئے، اس حوالے سے امریکی صدر نے قطر اور مصری سربراہوں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے صدر جوبائیڈن نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران غزہ اور دوسرے فلسطینی علاقوں پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچ گئے، شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

امریکی اور قطری سربراہوں نے جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کیلئے پائیدار حل پر زور دیا جبکہ صدر جوبائیڈن نے شیخ تمیم بن حمد سے جنگ بندی کیلئے بطور ثالث کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

قبل ازیں امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتح السیسی کو فون کیا، اس دوران رفاہ میں اسرائیل کے فوجی آپریشن کے نتائج اور خطرات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی پر بات چیت کی۔

یاد رہے کہ حماس کا وفد اسرائیل سے جنگ بندی معاہدے کیلئے مصر کے دارالحکومت میں موجود ہے جبکہ غزہ جنگ بندی معاہدے میں رکاوٹ قیدیوں کا تبادلہ ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں