دبئی ایئرپورٹ پربارش کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر، مزید بارشیں متوقع

دبئی : (ویب ڈیسک/دنیانیوز) متحدہ عرب امارات میں موسلا دھار بارش کے باعث دبئی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثرہواہے۔

رپورٹس کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشنز کو کم کر دیا گیا ہے۔

دبئی ایئرپورٹ حکام نے بتایا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث 5 فلائٹس کا رخ موڑ دیا گیا ہے جبکہ 13 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ایئرلائن نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے اپنی پروازوں کے نئے شیڈول سے متعلق رابطہ کرنے کا کہا ہے، ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو فلائٹس کی مکمل معلومات لینے کے بعد ایئرپورٹ آنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

علاوہ ازیں دبئی ایئرپورٹ کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔

حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ دبئی ایئر پورٹ کے ٹرمینل ون اور تھری پر پہنچنے کے لیے دبئی میٹرو کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ امارات میں غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث آج تمام سکول بند ہیں اور پبلک ایونٹ معطل کیے گئے ہیں ، بعض شہروں میں ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، اماراتی محکمہ موسمیات کے مطابق گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں