اسرائیل کا لبنان کی سرکاری عمارت پر حملہ، میئر سمیت 16 افراد جاں بحق

بیروت: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان کے شہر نباتیہ کی میونسپل کمیٹی کی عمارت پر حملے سے میئر سمیت 16 افراد جاں بحق ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے پہلی بار لبنان کی کسی سرکاری عمارت کو نشانہ بنایا۔ جاں بحق ہونے والوں میں میئر سمیت اکثریت سرکاری افسران شامل ہیں، اُس وقت حملہ کیا جب وہاں شہری سہولیات کی مسلسل فراہمی اور امدادی صورتحال پر حکمت عملی طے کرنے کے لیے میونسپل کونسل کا اجلاس جاری تھا۔

لبنان کے نگراں وزیرِاعظم نجیب میکاتی نے کہا کہ اسرائیل نے میونسپل کونسل کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا تاکہ اسرائیلی حملوں کے باعث بے گھر ہونے والوں کو سہولیات فراہم نہ کی جا سکیں۔

وزیراعظم نجیب میکاتی نے مزید کہا کہ یہ حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسرائیل اب حزب اللہ کو ہی نہیں بلکہ لبنانی ریاست کو نشانہ بنانے لگا ہے۔

دوسری جانب لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن یونیفل (UNIFIL) کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے ان کے واچ ٹاور پر بمباری کی جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے، اقوام متحدہ کے مشن (UNIFIL) نے کہا کہ اس حملے میں عمارت کے 2 کیمرے تباہ ہو گئے، اور ٹاور کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیل نے لبنان میں اقوام متحدہ کے مشن یونیفل کے بیان پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں