امریکی صدارتی انتخابات، ٹرمپ اور کاملا کی انتخابی ریلیاں، ایک دوسرے پر بھرپور تنقید

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں صدارتی انتخابات میں ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک اور کاملا نے فلاڈیلفیا میں انتخابی ریلیاں نکالیں۔

امریکہ کے سابق صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے نیو یارک کے میڈیسن سکوائر گارڈن میں ایک ریلی کی قیادت کی ہے، اس ریلی کے آغاز پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے ان کے مخالفین پر شدید تنقید کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کے آغاز میں کہا کہ کملا ہیرس کی پالیسی نے مڈل کلاس کو تباہ کر دیا، انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار اور ملک کی نائب صدر کاملا ہیرس کو کم آئی کیو رکھنے والی شخصیت قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخابات: گرین پارٹی بھی بطور سیاسی جماعت اپنے پنجے گاڑنے لگی

ٹرمپ نےغیر ملکی افراد کے امریکی شہریوں پر حملوں کو روکنے کیلئے سزائے موت کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ پانچ نومبر کو صدارتی الیکشن میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو مجرموں کی امریکہ میں در اندازی بند کر دیں گے۔

دوسری جانب امریکہ کی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس ریاست فلاڈیلفیا میں پورٹو ریکو میں ریلی کی صدارت کی، ان کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے لیے راغب کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا روس کے بعد چین اور ایران پر بھی الیکشن میں مداخلت کا الزام

کملا ہیرس نے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیویارک میں ہونے والی ریلی تقسیم اور توہین آمیز پیغامات کی عکاس تھی۔

واضح رہے کہ امریکہ میں صدارتی انتخابات میں ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے، اس دوران سامنے آنے والے جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں امیدوار شدید مقابلے والی ریاستوں میں ایک دوسرے کے بالکل قریب ہیں، ان ریاستوں میں کامیابی اگلے صدر کے انتخاب میں اہم ہو گی۔

امریکہ میں لگ بھگ تین کروڑ 80 لاکھ افراد قبل از وقت ووٹ اور میل ووٹ کا استعمال کر چکے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں