جیرالڈ فورڈ بحری بیڑہ مشرق وسطیٰ کی طرف روانہ کر دیا: ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جیرالڈ فورڈ بحری بیڑہ مشرق وسطیٰ کی طرف روانہ کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ ڈیل چاہتے ہیں، توقع ہے ایران کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ایران کیلئے بہت برا ہو گا، ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں بحری بیڑے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، ہمارا ایک بحری بیڑہ پہلے ہی مشرق وسطیٰ میں موجود ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو بحری بیڑہ استعمال کر سکتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں ہمارے پاس بہت بڑی فوج تیار ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ روس معاہدہ کرنا چاہتا ہے، صدر زیلنسکی کو متحرک ہونا پڑے گا، زیلنسکی نے کچھ نہ کیا تو وہ بہترین موقع کھو دے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یورپ کے ساتھ ہمارے تعلقات بہترین ہیں، یورپی رہنماؤں سے ہم مذاکرات کر رہے ہیں، امریکا اور وینزویلا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں