لبنان کے سابق وزیراعظم سعد حریری کا آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ
بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کے سابق وزیر اعظم سعد حریری نے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت آنے والے پارلیمانی انتخات میں حصہ لے گی، انتخابات اسی سال مئی میں متوقع ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعد حریری نے یہ اعلان اپنے والد کی اکیسویں برسی کے سلسلے میں اپنی جماعت ’’دی فیوچر موومنٹ‘‘ کے حامیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا، یہ اجتماع رفیق الحریری کے مزار کے قریب شہداء سکوائر پر منعقد کیا گیا، خیال رہے کہ سعد حریری متحدہ عرب امارات سے بیروت واپس آئے ہیں۔
سعد حریری نے کہا کہ وہ اپنے اعتدال پسندانہ خیالات پر کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے اور تحمل کمزوری نہیں ہوتا، وہ اپنے والد کے راستے پر چل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو سیاست سے اس وقت پیچھے ہٹا لیا تھا جب لگا کہ ریاستی مفادات کا سمجھوتہ کرنا پڑے گا تو ہم نے سمجھوتہ کرنے کی بجائے خود کو ایک طرف کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیوچر موومنٹ کا مقصد ایک لبنان اور سب سے پہلے لبنان ہے، ہم اس لبنان کو فرقوں میں نہیں بٹنے دیں گے اور نہ ہی آپس کی جنگوں میں تباہ ہونے دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ معاہدہ طائف پر پوری طرح عمل ہونا چاہیے اور کسی سیاسی گروہ کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جانا چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم طائف معاہدے پر مکمل عمل کا مطالبہ کرتے ہیں تو ہمارا مطلب ہوتا ہے کہ جنگی ہتھیار صرف ریاست کے ہاتھ میں ہوں گے اور اس کے علاوہ کوئی ہتھیار نہیں رکھ سکے۔