امریکی اسرائیلی فوجی تنصیبات نشانہ، 8 طیارے تباہ کر دیئے: ایران، جہنم کی آگ برسائیں گے: ٹرمپ

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 95ویں لہر کے تحت کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، ٹرمپ نے ایران پر قیامت ڈھانے کی دھمکی دے دی جسے ایرانی پاسداران انقلاب نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کے لیے پورا خطہ جہنم بنا دیں گے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ کارروائی یا حسن ابنِ علی کے کوڈ کے تحت انجام دی گئی، کارروائی میں قاسم، خیبر شکن اور غدیر میزائل استعمال کیے گئے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس کارروائی میں جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں امریکی فوجی تنصیبات، اسرائیل سے وابستہ ایک تجارتی جہاز اور اسرائیل کے کئی علاقے شامل تھے، جن پر مختلف میزائل نظام استعمال کیے گئے۔

پورا خطہ امریکا و اسرائیل کیلئے جہنم بنا دیں گے: ایران

ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر جارحیت جاری رہی یا جنگ میں مزید شدت آئی تو پورے خطے کو امریکا اور اسرائیل کیلئے جہنم بنا دیں گے۔

ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ مزید جارحیت کا جواب پورے خطے میں شدید رد عمل کی صورت میں دیا جائے گا، ایران کو شکست دینے کا تصور اب ایک دلدل میں بدل چکا ہے، جس میں مخالفین خود دھنس جائیں گے۔

دوسری جانب خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی نے بھی سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جارحیت کی صورت میں امریکا اور اسرائیل کیلئے جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔

ٹرمپ کا ایران کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم، جہنم کی آگ برسانے کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہنم کی آگ نازل ہونے سے پہلے ایران کے پاس 48 گھنٹے ہیں، میں نے ایران کو معاہدہ کرنے ،آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے دس دن کا وقت دیا تھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ وقت ختم ہو رہا ہے، 48 گھنٹے باقی ہیں، معاہدہ نہ کیا تو ایران پر جہنم کی آگ برسا دیں گے، ایف 16 طیارے کے نقصان سے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ایران کا امریکہ کو سخت جواب، 8 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

مشرق وسطیٰ جنگ میں ایران کی جانب سے امریکہ کو سخت جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے اور امریکی فوج کو اب تک کا سب سے بڑا دھچکا لگاہے، ایک دن میں امریکا کے 8طیارے تباہ ہوئے یا انہیں ناقابل تلافی نقصان پہنچا تاہم امریکا نے دو لڑاکا طیارے تباہ ہونے کی تصدیق کردی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے اے 15 طیارے کو ایرانی حدود میں مار گرایا ، ریسکیو مشن پر آنے والا اے10 طیارہ بھی ایرانی دفاعی نظام کا نشانہ بنا، ایک اور اےٹین طیارہ کویت میں کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوگیا ، کویت میں ہوائی اڈے پر کھڑا چنوک ہیلی کاپٹر بھی ڈرون حملے میں تباہ ہوا، دو ہیلی کاپٹر ایران میں ریسکیو مشن کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنے، ایک امریکی ایف سولہ طیارے نے عراق میں اور کے سی ون تھرٹی فائیو ٹینکر طیارے نے اسرائیل میں ہنگامی لینڈنگ کی۔

ایرانی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے طیاروں کا مقابلہ کرنے کیلئے نیا دفاعی نظام نصب کردیا،امریکی طیاروں کو گرانے کیلئے نئے دفاعی نظام کا استعمال کیا،ہم اپنی فضائی حدود کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیں گے۔

تہران پر بڑے حملے میں کئی ایرانی فوجی رہنما مارے گئے، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر تہران پر حملوں کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تہران پر بڑے حملے میں کئی ایرانی فوجی رہنما مارے گئے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان تمام ایرانی فوجی رہنماؤں کو ختم کر دیا گیا جن کا رویہ غیر محتاط تھا، تہران میں فضائی حملوں کے دوران فوجی رہنماؤں کو ختم کیا گیا۔

ایران پر 24 گھنٹے میں 206 حملے، شہدا کی تعداد 2017 ہوگئی
امریکا اور اسرائیل نے بوشہر ایٹمی پلانٹ کے قریب ایک اور حملہ کیا جس کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ شہید ہوگیا، صوبہ خوزستان کے شہر ماہشہر میں بھی 6 پیٹرو کیمیکل پلانٹس پر میزائل برسا دیے گئے جہاں 5 افراد شہید ہوگئے اور کئی صنعتی یونٹس کو نقصان پہنچا، اسرائیل نے بیلسٹک میزائل ذخیرے کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا۔

تہران اور قم سمیت مختلف شہروں میں دھماکے سنے گئے، اصفہان میں ہلال احمر کا کارکن شہید ہوگیا جبکہ البرز صوبے کے پل پر حملے میں شہدا کی تعداد 13 ہوگئی، اسرائیلی و امریکی حملوں سے ایران میں اب تک پچپن لائبریریز کو بھی نقصان پہنچا۔

یمن کے حوثیوں کے اسرائیل پر کلسٹر میزائل اور ڈرون سے حملے
مزاحمتی تنظیم کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی بن گورین ایئر پورٹ اور جنوبی علاقے میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، حملوں میں کلسٹر میزائل اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔

ایرانی حملوں سے اسرائیل میں زخمی افراد کی تعداد 6 ہزار 771 ہوگئی
اسرائیلی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر ایرانی حملوں میں زخمی افراد کی تعداد 6 ہزار 771 ہوگئی ہے، اسرائیلی ہسپتالوں میں 134 افراد زیرعلاج ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی وزارت صحت کی جانب سے ایرانی حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی شہریوں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

کویت کے شویخ آئل سیکٹر کمپلیکس پر ڈرون حملہ، آگ بھڑک اٹھی
خبر ایجنسی کے مطابق کویت کے شویخ آئل سیکٹر کمپلیکس میں ڈرون حملے کے بعد آگ لگ گئی، واقعے میں کوئی فرد زخمی نہیں ہوا، جبکہ امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا ہے۔

ایران نے آبنائے ہرمز میں پابندیوں سے عراق کو استثنیٰ دے دیا
ایرانی ملٹری کمانڈر کا کہنا ہے آبنائے ہرمز میں پابندیوں سے عراق کو استثنیٰ حاصل ہے، عراق کو آبنائے ہرمز سے نقل و حرکت کی مکمل اجازت ہے۔

اسرائیل میں سیکڑوں افراد ایران جنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے
تل ابیب میں عوامی اجتماع پر پابندی کے باوجود سیکڑوں افراد ریلی میں شریک ہوئے، نیتن یاہو کیخلاف نعرے لگاتے مظاہرین تل ابیب کے مرکزی چوک پر جمع ہوئے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بمباری نہیں بات کرو، جنگ ختم کرو، مطاہرین نے ایران، لبنان اور عزہ میں جنگ اور مغربی کنارے میں منظم تشدد روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اسرائیلی پولیس نے ریلی روکنے کی کوشش کی جس دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں، اسرائیلی پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتارکر لیا، اسرائیلی انسانی حقوق تنظیم سٹینڈنگ ٹو گیدر کے ڈائریکٹر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں