شہید ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹیوں نے امریکا میں گرفتاری کا دعویٰ مسترد کردیا
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹیوں نے امریکا میں گرفتار 2 ایرانی خواتین سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کر دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ان خواتین کو شہید ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی بھانجی اور نواسی قرار دیا تھا، تاہم ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق شہید قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے کہا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کا یہ دعویٰ سراسر جھوٹ ہے اور گرفتار افراد کا ان کے خاندان سے کوئی تعلق نہیں۔
جنرل قاسم سلیمانی شہید کی ایک اور بیٹی نرجس سلیمانی نے ایرانی سرکاری میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج تک خاندان کا کوئی فرد یا قریبی رشتہ دار امریکا میں مقیم نہیں رہا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق حمیدہ سلیمانی جنرل قاسم سلیمانی شہید کی بھانجی ہیں، انہیں ان کی بیٹی سمیت گرین کارڈ منسوخ ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا۔
محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حمیدہ سلیمانی ایران کی حکومت کی کھل کر حمایت کرتی رہی ہیں اور مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں اور تنصیبات پر حملوں کی حمایت کا اظہار بھی کر چکی ہیں۔