صیہونی فوج بوکھلاہٹ کا شکار، اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے اسرائیلی فوجی مارا گیا
بیروت: (دنیا نیوز) لبنان میں اسرائیلی فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی جہاں پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان میں فرینڈلی فائر کے واقعے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا، واقعے سے متعلق صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت 21 سالہ سارجنٹ فرسٹ کلاس گائے لوڈر کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق کمانڈو بریگیڈ کی مگلان یونٹ سے تھا۔
یہ واقعہ رات تقریباً 3 بجے جنوبی لبنان کے ایک گاؤں شیبا میں ایک گرفتاری کے آپریشن کے دوران پیش آیا، مگلان کمانڈوز نے ایک ایسے مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپہ مارا تھا جس پر مبینہ طور پر حزب اللہ کی مدد کرنے کا الزام تھا۔
اسرائیلی فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتاری کے دوران ایک فوجی نے سمجھا کہ کچھ مشتبہ افراد فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اس دوران اس نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گائے لوڈر ہلاک ہو گیا جبکہ ایک اور فوجی شدید زخمی ہوا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے گرفتاری کا مشن مکمل کر لیا گیا اور مشتبہ شخص کو پوچھ گچھ کے لیے اسرائیل منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے کے حالات کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔