خلیجی ممالک نے امریکہ ایران ممکنہ تصادم روکنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کر دیں

ریاض: (دنیا نیوز) خلیجی ممالک نے امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ ممکنہ فوجی تصادم کو روکنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں جبکہ ایک سابق امریکی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ ثالثی کامیاب نہ ہوئی تو دونوں ممالک ایک بار پھر جنگ کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے سابق سینئر عہدیدار اور سابق سفیر جوئی ہڈ نے کہا ہے کہ اگر کسی بیرونی فریق نے مذاکراتی عمل میں مؤثر کردار ادا نہ کیا تو امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی دوبارہ جنم لے سکتی ہے۔

الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے جوئی ہڈ نے کہا اگر روس، چین یا خلیجی ممالک جیسے بیرونی فریق صورتحال تبدیل کرنے میں کامیاب نہ ہوئے تو میرا خیال ہے کہ ہم دوبارہ فوجی تنازع کی طرف جائیں گے، اس بار صورتحال ماضی سے مختلف ہو گی، کئی ممالک کو توقع تھی کہ چین امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے فعال کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ نے اس سے گریز کیا، خلیجی ممالک نے بہت جلد یہ محسوس کر لیا کہ چین اس معاملے میں کردار ادا نہیں کرے گا، اس لیے ہمیں خود آگے بڑھ کر کچھ کرنا ہوگا، اور مجھے امید ہے کہ وہ اس میں کامیاب ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں