ایران نے میناب سکول سے متعلق امریکی دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے امریکہ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ میناب میں جس سکول کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا وہ ایک فوجی تنصیب کے قریب واقع تھا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ یہ امریکی دعویٰ بے بنیاد، من گھڑت اور انتہائی شرمناک جھوٹ ہے۔

انہوں نے کہا امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کا یہ بیان کہ شجرہ طیبہ سکول ایک فعال ایرانی کروز میزائل اڈے کے قریب تھا، دراصل 28 فروری کے میزائل حملوں کی حقیقت چھپانے کی کوشش ہے، جن میں 170 سے زائد سکول کے بچوں اور اساتذہ کی شہادت ہوئی۔

ترجمان کے مطابق تعلیمی ادارے کو سکول کے اوقات میں نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور واضح جنگی جرم ہے، کسی بھی وضاحت کے ذریعے اس مقام کی شہری حیثیت کو چھپایا نہیں جا سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس تباہ کن حملے کا حکم دینے اور اسے عملی جامہ پہنانے والے امریکی حکام کو بین الاقوامی قانون کے تحت مکمل طور پر جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں