معاہدہ سے خطے میں دیرپا امن اور سلامتی کے قیام کی راہ ہموار ہوگی: طیب اردگان
انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں دیرپا امن اور سلامتی کے قیام کی راہ ہموار کرے گی۔
صدر اردگان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا میں خلوصِ دل سے امید کرتا ہوں کہ یہ خبر جس کی پوری دنیا کو طویل عرصے سے ضرورت تھی، ہمارے خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے ماحول کے قیام کا ذریعہ بنے گی۔
ترک صدر نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ معاہدے پر دستخط سے قبل ایسے بیانات، اشتعال انگیزیوں اور اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہوں، تمام متعلقہ فریقوں کو ممکنہ تخریب کاری یا امن عمل کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے خلاف بھی ہوشیار اور محتاط رہنا چاہئے۔
مشرق وسطیٰ کو طویل عرصے سے امن اور استحکام کی ضرورت ہے اور ترکیہ اس مقصد کے حصول کے لئے جاری سفارتی اور سیاسی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔