ایران شرائط پوری کرے تو 300 ارب ڈالر کے تعمیراتی فنڈز مل سکتے ہیں: جے ڈی وینس
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اگر ایران معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں کی مکمل پاسداری کرتا ہے تو اسے 300 ارب ڈالر کے تعمیراتی فنڈ سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ مجوزہ تعمیراتی فنڈ خلیجی اتحادی ممالک کی جانب سے فراہم کیا جائے گا اور ایران کو اس تک رسائی معاہدے پر عملدرآمد سے مشروط ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی جانب سے معاہدے کی شرائط پوری کیے جانے کی صورت میں یہ فنڈ ملک کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ ایران کے 24 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں کی بحالی مفاہمتی معاہدے کے موجودہ مسودے کا حصہ نہیں ہے۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ معاہدے پر عملدرآمد اور مستقبل کے اقدامات کا انحصار ایران کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری اور اعتماد سازی پر ہوگا۔