نائیجیریا میں سکول پر مسلح افراد کا حملہ، 36 طلبہ اور ایک اہلکار اغوا

بورنو:(دنیا نیوز) نائیجیریا کے صوبہ بورنو کے قصبے لاسا میں واقع ایک سرکاری سیکنڈری سکول پر مسلح افراد نے حملہ کر کے 36 طلبہ اور ایک اہلکار کو اغوا کر لیا۔

عینی شاہدین اور خبرایجنسی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ امتحان کے دوران پیش آیا، جس سے سکول میں خوف و ہراس پھیل گیا، حملہ آور اچانک اسکول میں داخل ہوئے اور طلبہ کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ اسی دوران حملہ آوروں کے ساتھ جھڑپ میں ایک استاد زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے جبکہ والدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بچوں کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کیا ہے، مظاہرین نے بورنو کے گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کریں اور مغوی طلبہ کو بازیاب کرائیں۔

یہ مئی کے بعد نائیجیریا میں اسکول سے اجتماعی اغوا کا تیسرا بڑا واقعہ ہے، جس نے ملک میں سکیورٹی صورتحال پر ایک بار پھر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

دوسری جانب والدین نے صدر بولا احمد تینوبو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سکیورٹی مزید سخت کریں اور بچوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں