چین کا قومی دفاع اور عالمی معیار کے مطابق مسلح افواج کی ترقی کو تیز کرنے کا اعلان

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اپنی مسلح افواج کی عالمی معیار کے مطابق ترقی کو تیز کرے گا اور مقررہ مدت کے اندر اپنے قومی دفاع اور فوج کی جدیدکاری کا عمل مکمل کرے گا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے 105 ویں یومِ تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عالمی معیار کی چینی مسلح ا فواج کی ترقی کو تیز کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فوج کے قیام کو 100سال مکمل ہونے کے سلسلے میں مقررہ اہداف بروقت حاصل کرنے ہوں گے اور قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا بھرپور دفاع کرنا ہوگا۔

چینی صدر نے زور دیا کہ ایک مضبوط ملک کے لئے مضبوط فوج ناگزیر ہے اور طاقتور مسلح افواج کے بغیر قومی سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ چین اپنی فوجی ترقی کے منفرد راستے پر ثابت قدمی سے گامزن رہے گا، فوج کے سیاسی، تکنیکی، افرادی اور قانونی پہلوؤں کو مزید مضبوط بنائے گا اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں