فرانس میں بدترین ہنگامے: صدر ایمانوئل کی حکومت شدید سیاسی بحران سے دوچار
پیرس: (دنیا نیوز) فرانس میں کئی برسوں کے بدترین ہنگاموں نے صدر ایمانوئل میکرون کی حکومت کو شدید سیاسی بحران سے دوچار کر دیا جہاں مہنگائی، عوامی سہولتوں میں کمی اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال نے حکومت پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے دوران دکانوں میں لوٹ مار، عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پیش آئے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق کمزور پارلیمانی حمایت، بڑھتے قومی قرضوں اور محدود مالی وسائل کے باعث میکرون کے لیے عوامی غصے پر قابو پانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں اور سابق اتحادیوں نے بھی صدر کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے امن و امان بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ بعض سابق اتحادیوں نے ان سے مدت صدارت مکمل ہونے سے پہلے عہدہ چھوڑنے پر غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سیاسی بحران اور بدامنی سے 2027ء کے صدارتی انتخابات میں دائیں بازو کی رہنما میرین لے پین کی پوزیشن مضبوط ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
فرانس کو درپیش سیاسی اور معاشی بحران کے باعث حکومت کے لیے حالات معمول پر لانا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments