جنرل اسمبلی:مودی کاخطاب، مظاہرے ،کشمیر میں ہڑتال

جنرل اسمبلی:مودی کاخطاب، مظاہرے ،کشمیر میں ہڑتال

نیو یارک، جنیوا،اسلام آباد ودیگر شہروں میں علی گیلانی کی تصاویر کیساتھ احتجاج ، مظاہرین کفن پہن کر لیٹ گئے ، افغان لوگوں کو مدد کی ضرورت:بھارتی وزیراعظم

نیویارک، جنیوا، مظفرآباد، سرینگر، اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر حریت رہنما علی گیلانی مرحوم کی تصاویر کے ساتھ مختلف شہروں میں مظاہرے ہوئے ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی، ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی ، اس موقع پر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ ، سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہے جس سے روزمرہ زندگی مفلوج رہی،کئی مقامات پر لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے ، سڑکو ں پر صرف فوجی گاڑیاں ہی گشت کرتی دکھائی دیں،نیو یارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر کے باہر کشمیری کمیونٹی کے سینکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، صدر آزاد کشمیر بیرسٹرسلطان بھی شریک ہوئے ،تحریک کشمیر سوئٹزرلینڈنے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ہیڈکوارٹرز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا،تحریک کشمیر یورپ نے بزرگ کشمیر ی حریت قائد سید علی گیلانی کی جبری تدفین کے خلاف جنیوا میں انوکھا احتجاج کیا،تنظیم کے کارکن اپنے اوپر کفن ڈال کر زمین پر لیٹ گئے ، انہوں نے ہاتھوں میں سید علی گیلانی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں ،بھارتی نژاد امریکیوں کی ایک بڑی تعداد نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے سامنے جمع ہوکر مودی کے خلاف نعرے لگائے ،پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ اور فرینڈزآف کشمیرانٹرنیشنل کے زیر اہتمام مظاہرے کئے گئے ،آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آزادی چوک سے پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام پرامن مارچ کیا گیا۔ادھر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا رجعت پسند ممالک جو دہشت گردی کو سیاسی آلے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں انہیں سمجھنے کی ضرورت ہے کہ دہشت گردی ان کیلئے بھی اتنا ہی بڑا خطرہ ہے ،ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردی پھیلانے یا دہشت گردانہ حملوں کے لیے استعمال نہ ہو،یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی ملک بھی افغانستان کی نازک صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کرے اور اسے اپنے خودغرضانہ مفادات کیلئے استعمال نہ کرے ،اس وقت افغانستان کے لوگوں، خواتین، بچوں اور اقلیتوں کو مدد کی ضرورت ہے ، ہمیں انہیں مدد فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے ، قبل ازیں اقوام متحدہ میں بھارت کی فرسٹ سیکرٹری سنیہا دؤبے نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا آگ لگانے والا خود کو فائر فائٹر کے روپ میں پیش کر رہا ہے ،انہوں نے پاکستان پر اسامہ بن لادن کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا پاکستان اس امید پر دہشت گردوں کی سرپرستی کرتا ہے کہ وہ صرف ہمسایوں کو نقصان پہنچائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں