انوار کاکڑ کی آئی ایم ایف سربراہ، بل گیٹس ،ازبک صدر سے ملاقاتیں

انوار کاکڑ کی آئی ایم ایف سربراہ، بل گیٹس ،ازبک صدر سے ملاقاتیں

نیویارک(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی ۔

دونوں رہنمائوں نے اقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا ۔نگران وزیراعظم نے کہا آئی ایم ایف کی سربراہ سے ملاقات تعمیری رہی۔ آئی ایم ایف سربراہ نے ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امیروں سے مزید ٹیکس لیا جائے اور غریبوں کو تحفظ دیا جائے ۔نگران وزیر اعظم نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے بھی ملاقاتیں کیں ۔اس موقع پر انہوں نے پولیو کے خاتمے ، صنفی مساوات اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم نے بل گیٹس سے ملاقات میں امید ظاہر کی کہ رواں سال ملک کے ہر علاقے میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنا ممکن ہوگا،حکومت اور نیشنل پولیو ٹاسک فورس بچوں کو پولیو ویکسین، معمول کے حفاظتی ٹیکوں اور دیگر ضروری صحت کی خدمات پہنچانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔بل گیٹس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔ انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات میں سیاسی، تجارتی، اقتصادی، سلامتی، دفاع اور رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے اور ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو فعال کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ کو فروغ ملے گا۔وزیراعظم نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔قبل ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ترقی پذیرممالک کو ترقیاتی اہداف کے حصول میں وسائل کی کمی کاسامنا ہے ، پائیدار ترقی کے لئے یکساں ترقی ضروری ہے ، کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا ، موسمیاتی تبدیلیوں اور تنازعات کے متعدد بحرانوں نے ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے ،اہداف کیلئے ترقی پذیر ممالک کو وسائل فراہم کرنا ہونگے ، آمدہ کوپ ۔28 میں پاکستان موسمیاتی انصاف بالخصوص 100 ارب ڈالر کلائمیٹ فنڈز کی فراہمی کے اعلان پر عملدرآمد کا متمنی ہے ۔ وہ نیویارک میں ایس ڈی جیز سربراہان میں فنانس اور سرمایہ کاری کو متحرک کرنے اور ایس ڈی جیز کے حصول کے لئے نفا ذکے ذرائع کے ڈائیلاگ 6 میں اظہار خیال کررہے تھے ۔ وزیراعظم نے کہا معاشی ناہمواری پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے ترقی پذیر ممالک کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے ۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ویکسینز کی دستیابی ہر ایک کیلئے ممکن بنانا ضروری ہے ۔ حقوق دانش کے نام پر غریب ملکوں سے غیرمنصفانہ رویہ نہیں رکھنا چاہیے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں