آئی ایم ایف سے اربوں ڈالر کے نئے قرض پر بات چیت کا آغاز کر دیا:وزیر خزانہ

آئی ایم ایف  سے  اربوں  ڈالر  کے  نئے  قرض  پر  بات چیت  کا  آغاز  کر دیا:وزیر خزانہ

واشنگٹن (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے کہاہے اقتصادی اصلاحات کے پروگرام میں معاونت کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ کئی ارب ڈالر کے نئے قرض معاہدے پربات چیت کاآغازکردیاگیاہے ۔۔۔

 تجارتی جنگ میں پاکستان کیلئے ویت نام جیسا کرداراداکرنے اور امریکا کو اپنی برآمدات میں اضافہ کرنے کا ایک اچھا موقع میسر ہے ، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ باہمی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں،جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں اور سر مایہ کاری کی شرح کو 15 فیصدکی سطح پرلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اٹلانٹک کونسل سے خطاب،بااثر پاکستانی امریکی تاجروں اور ٹیک انٹرپرینیورز سے ملاقات اورفرانسیسی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو میں کیا ۔ وزیرخزانہ نے کہا اوورسیز پاکستانی بزنس مین پاک امریکا تجارتی وسرمایہ کاری تعلقات کو گہرا کرنے میں پل کا کرداراداکررہے ہیں۔اے ایف پی کوانٹرویودیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا مئی کے دوسرے یا تیسرے ہفتے تک آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق بنیادی امورکو طے کرنے تک پہنچ جائیں گے ۔ آنے والے دوبرسوں میں نجکاری کے پروگرام میں تیزی لائی جائیگی۔ اٹلانٹک کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا آئی ایم ایف اورعالمی بینک جیسے اداروں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں مالیاتی شمولیت اور ماحولیاتی لحاظ سے موزوں ڈھانچہ جات ومنصوبوں میں تعاون کیلئے آگے آناچاہئے ۔وزیر خزانہ کی انٹر نیشنل فنانس کارپوریشن کی علاقائی نائب صدر سے ملاقات ہوئی ۔ محمد اورنگزیب نے جی 24ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز کے اجلاس میں شرکت کی ۔ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کے وزیر خزانہ سے بھی ملاقات کی ۔سعودی وزیر خزانہ نے سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کیلئے حمایت کا اعادہ کیا اور دو طرفہ تعاون کو وسعت اور مختلف شعبوں میں شراکتداری کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں