طوفانی بارشیں:امارات میں ہنگامی حالت نافذ،عمان، میں 17 جاں بحق

طوفانی  بارشیں:امارات  میں  ہنگامی  حالت  نافذ،عمان، میں  17  جاں بحق

ابوظہبی، مسقط(دنیا مانیٹرنگ، نیوز ایجنسیاں) طوفانی بارشوں کے باعث متحدہ امارات میں حکومتی اداروں نے ہنگامی حالت نافذ کردی جبکہ عمان میں 12طلبہ سمیت 17افراد جاں بحق ہوگئے ۔۔۔

 متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح سے منگل کی دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ بھی ہوا،بارشوں نے تباہی مچادی، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا،متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں جبکہ شدید ژالہ باری سے کئی گاڑیوں کی ونڈ اسکرینز بھی ٹوٹ گئیں، دبئی میں دن میں اندھیرا چھا گیا، جس کے بعد دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 25 منٹوں کے لیے بند کرنا پڑا جس سے کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔کئی ریاستوں اور شہروں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ رہائشی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہو گئی ہے اور بارش کا پانی گھروں، مالز، میٹرو سٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل  ہو گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا دوسرا اسپیل منگل کی دوپہر سے شروع ہوگا اور جمعرات تک بادل گرج چمک کے ساتھ برسیں گے ۔ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے نے رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے ، تمام رہائشیوں کو وادیوں، نشیبی علاقوں اور سیلاب کی گزرگاہوں سے دور رہنے کی تاکیدکی ہے ۔ادارے نے کہا ہے کہ موسلادھار بارش کے ساتھ بعض علاقوں میں اولے گرنے کا بھی امکان ہے ۔دریں اثنا شارجہ، ام القوین اور عجمان میں تمام تعلیمی ادارے بند اور تدریسی عمل آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ادھر عمان میں زیادہ اموات سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی وجہ سے ہوئیں، جبکہ بڑی تعداد میں لوگ سیلاب میں بہہ کر لاپتا ہوگئے ، ریسکیو عملے نے تلاش شروع کردی، عمان ایئر فورس کے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے آپریشن میں پھنسے ہوئے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا گیا،دارالحکومت مسقط سے 150 کلومیٹر دور شمالی الشرقیہ گورنریٹ میں پانی نے تباہی مچا دی، پیر کو 3 افراد اور ایک بچے کی لاشیں ملیں،ہزاروں لوگ گھروں میں محصور ہو کررہ گئے ہیں ۔ عمان میں بھی مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں