غزہ میں مزید 66 افراد شہید، یمن میں امریکی ڈرون تباہ

غزہ میں مزید 66 افراد شہید، یمن میں امریکی ڈرون تباہ

غزہ(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی بربریت میں مزید 66 افراد شہید، 138 زخمی ہو گئے۔ وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں ابتک 34 ہزار 454 فلسطینی شہید، 77 ہزار 575 زخمی ہوچکے۔

دوسری جانب یمنی حوثیوں نے امریکی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کردیا۔حوثیوں نے امریکی ڈرون کی ویڈیو بھی جاری کردی۔ ویڈیو میں طیارے کو نشانہ بنائے جانے اور بعد ازاں تباہ شدہ طیارے کا ملبہ بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔ یمن میں ایک ڈرون حملے میں پانچ شہری مارے گئے، حوثی باغیوں اور حکومت نے ایک دوسرے پر حملے کا الزام لگایا۔ حملے میں تین خواتین اور دو بچے جاں بحق ہوئے۔ ادھر تل ابیب میں ہزاروں مظاہرین نے نیتن یاہو سے مستعفی ہونے اور نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ہو جائے تو رفح آپریشن ٹل سکتا ہے ۔حماس کے ایک سینئر اہلکار نے کہا ہے کہ آج مصری حکام کے ساتھ ملاقات کے دوران غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل کی جوابی تجاویز کا جواب دیں گے ۔فلسطینیوں کی حمایت میں یورپی و امریکی یونیورسٹیز میں طلبا کا احتجاج مزید وسیع ہوگیا۔ برطانیہ، اٹلی، فرانس اور آسٹریلیا کے طلبا بھی میدان میں آگئے، انہوں نے اسرائیلی کمپنیوں سے تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔کولمبیا یونیورسٹی میں طلبا کا غزہ یکجہتی کیمپ دس روز بعد بھی جاری ہے، دیگر امریکی جامعات کے مزید 40 کیمپس میں بھی احتجاج جاری ہے۔ ریاست الی نوائے اور پنسلوانیا کی یونیورسٹیز سمیت دیگر جامعات کے مظاہرین کو گرفتاریوں اور معطلی کی دھمکی دی گئی ہے۔ ابتک گرفتار مظاہرین کی تعداد 600 سے زائد ہوگئی ہے ۔ریاض میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب میں فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ صرف امریکا ہی اسرائیل کو غزہ کے سرحدی شہر رفح پر حملہ کرنے سے روک سکتا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں