سمندری طوفان شانشان جنوبی جاپان سے ٹکرا گیا ،3ہلاک ،کئی زخمی

 سمندری طوفان شانشان جنوبی جاپان سے ٹکرا گیا ،3ہلاک ،کئی زخمی

ٹوکیو(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک ) انتہائی طاقتور سمندری طوفان شانشان جنوبی جاپان سے ٹکرا گیا ،3ہلاک ،کئی زخمی ہو گئے ، سینکڑوں پروازیں منسوخ، بلٹ ٹرین سروس معطل ،600 سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ ۔

چیف کابینہ سیکرٹری یوشیما ساحیاشی نے بتایا کہ طوفان شانشان کے ٹکرانے کے باعث 3 افراد ہلاک، 1 لاپتا جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ٹیوٹا سمیت کئی فیکٹریوں میں پیداوار بند کر دی گئی ہے ۔کیوشو الیکٹرک پاور کمپنی نے بتایا کہ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں سے 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی ہے ۔علاوہ ازیں طوفان کے باعث میازاکی شہر میں عمارتوں کی دیواریں گرگئیں ، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ جاپانی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ طوفان کی رفتار 198 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔طوفان جنوب مغربی جزیرے کیوشو کے شہر سٹسوما سینڈائی کے قریب آیا جو اگلے چند دن بعد دارالحکومت ٹوکیو سمیت وسطیٰ اور مشرقی علاقوں کی طرف بڑھے گا اور یہ خطّے کو متاثر کرنے والے اب تک کے سب سے طاقتور طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے ۔ مقامی حکومتوں نے لاکھوں افراد کیلئے انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں