2030تک غربت کے خاتمے کا ہدف پہنچ سے باہر:ورلڈ بینک
واشنگٹن (اے ایف پی)عالمی بینک نے کہا ہے کہ 2030 تک انتہائی غربت کے خاتمے کا عالمی ہدف پہنچ سے باہر ہے ، ہدف حاصل کرنے میں3 دہائیاں یا اس سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے ۔
وبائی مرض کوویڈ 19کے بعد غربت کے خاتمے پر پیشرفت کا جائزہ لینے والی نئی رپورٹ کے مطابق عالمی غربت میں کمی قریب قریب رک گئی ہے ۔عالمی بینک کے سینئر مینیجنگ ڈائریکٹر ایکسل وان ٹراٹسنبرگ نے کہا ہے کہ دنیا کئی دہائیوں کی ترقی کے بعد شدید دھچکے کا سامنا کر رہی ہے ،سست اقتصادی ترقی، کوویڈ 19 اور کلائمٹ چینج نے بری طرح متاثر کیاہے جس سے معمول کے مطابق کاروبار جاری نہیں رہ سکے ۔ اس وقت تقریباً 700 ملین لوگ یعنی عالمی آبادی کا 8.5 فیصد روزانہ 2.15 ڈالر سے بھی کم پر زندگی گزارتے ہیں اوریہ شرح 2030 میں 7.3 فیصد رہنے کی امید ہے جبکہ دنیا کی 44 فیصد آبادی 6.85 ڈالر یومیہ سے کم پر زندگی بسر کرتی ہے جو اعلیٰ متوسط آمدنی والے ممالک کیلئے غربت کی لکیر ہے ۔ مستقبل میں غربت میں کمی کیلئے معاشی ترقی کی ضرورت ہے ۔