نوازشریف کا صحافیوں کے سوالوں کا جواب دینے سے گریز، ذاتی معالج کے ساتھ امریکا روانہ ہوئے
لندن (دنیا نیوز)سابق وزیر اعظم و صدر مسلم لیگ ن نواز شریف لندن میں دوروز قیام کے بعد ذاتی معالج کے ساتھ امریکا چلے گئے ۔
سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور حسن نواز بھی ان کے ساتھ ہیں۔نوازشریف کو رخصت کرنے کیلئے احسن ڈار، زبیر گل اور دیگر سیاسی رہنما ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں موجود تھے ، نوازشریف چار روز امریکا میں قیام کریں گے ۔امریکا روانگی کے موقع پر نواز شریف نے مختصر گفتگو کی، ایک صحافی نے سوال کیا کہ میاں صاحب آپ وزیراعظم کیوں نہیں بنے ؟ جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ امریکا جانے سے پہلے یہ سوال پوچھنا ضروری ہے ؟۔صحافی نے سوال کیا کہ حکومتی کارکردگی کو کیسے دیکھتے ہیں ؟ جس پر نواز شریف نے کہا کہ چند دن میں واپس آکر بتاؤں گا۔روانگی سے پہلے ایسا سوال ضروری ہے ؟۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن بھی احتجاج کے لیے وہاں موجود تھے ۔سابق وزیراعظم کی موجودگی میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی جبکہ حالات قابو میں رکھنے کے لیے لندن پولیس کی نفری بھی موجود رہی۔