یمن: اسرائیل کی صنعا ایئرپورٹ پر بمباری، عالمی ادارہ صحت کے سربراہ بال بال بچ گئے
صنعا(اے ایف پی)اسرائیل کی یمن میں صنعا ایئرپورٹ پر بمباری، عالمی ادارہ صحت کے سربراہ بال بال بچ گئے ، اسرائیلی طیاروں نے حدیدہ شہر میں تیل اور بجلی کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔۔۔
جس میں 3 افراد جاں بحق ، 16 زخمی ہو گئے ۔ادھر یمن پر اسرائیلی فضائی حملے میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ ڈاکٹر تیدروس ادہانوم بال بال بچ گئے ۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملے نے صنعا ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا، اس وقت وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ یمن سے روانہ ہونے والے تھے ۔ڈاکٹر تیدروس نے کہا کہ حملے میں ہمارے عملے کا ایک کارکن زخمی ہوا ۔بمباری سے ایئرپورٹ کا رن وے ، ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور اور ڈیپارچر لاؤنج تباہ ہوگئے ۔انہوں نے کہا وہ بمباری کے وقت ڈیپارچر لاؤنج سے چند میٹر کے فاصلے پر موجود تھے تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے ۔اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یمن پر حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ حوثی اہداف مکمل طور پر تباہ نہیں ہو جاتے ۔