غزہ : الوفا ہسپتال پر بمباری، 30 شہید، اسرائیل پر راکٹ حملے

غزہ : الوفا ہسپتال پر بمباری، 30 شہید، اسرائیل پر راکٹ حملے

غزہ(اے ایف پی)اسرائیل کی غزہ کے مختلف علاقوں اور جزوی طور پر فعال الوفا ہسپتال پر بمباری کے نتیجے میں 30 افراد شہید، 55 سے زائد زخمی ہوگئے۔

الوفا ہسپتال کی بالائی منزل پر اسرائیلی بمباری سے کم ازکم 7 افراد شہید، متعدد زخمی ہوئے۔ غزہ کے حکام کا کہنا تھا الوفا ہسپتال جزوی طور جسمانی معذوری کے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک 45 ہزار 514 فلسطینی شہید، 1 لاکھ 8 ہزار 189 زخمی ہو چکے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ سے کئی راکٹ فائر کئے گئے۔ دو پروجیکٹائل کو روکا گیا ہے جبکہ باقی غیر آباد علاقوں میں گرے۔ حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔ غزہ میں اتوار کے روز 20 دن کا بچہ شدید سردی کی وجہ سے وفات پاگیا جبکہ اس کا جڑواں بھائی مقامی ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہے۔ غزہ کے فیلڈ ہسپتالوں کے سربراہ مروان الحماس نے کہا کہ سخت سردی کی وجہ سے مرنے والے بچوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ بچے کے والد یحیی البطران نے کہا کہ بجلی اور گیس نہیں۔ سردی کے باعث ہمارے بچے آنکھوں کے سامنے مر رہے، کسی کو پرواہ نہیں۔ ادھر اسرائیلی فورسز نے اتوار کو شمالی غزہ کے قصبے بیت حانون سے تمام باشندوں کو نکل جانے کا حکم دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں