غزہ :اسرائیلی بمباری ،خاندان کے 11افراد سمیت 59شہید
غزہ (اے ایف پی)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11افراد سمیت59لوگ شہید ،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔
غزہ شہر میں الغولہ خاندان کے گھر پر ہفتے کو صبح کے وقت اسرائیلی بمباری میں 31 افراد شہید ہوئے جن میں 7 بچے اور کئی خواتین شامل ہیں ۔شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے کہا کہ اسرائیل نے بے گھر ہونے والے لوگوں کی دو منزلہ عمارت پر بمباری کی ، کئی لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ڈرون نے ایمبولینس کے عملے پر بھی فائرنگ کی ۔ عالمی میڈیا کے مطابق غزہ کے شجاعیہ محلے میں لاشیں زمین پر قطار در قطار سفید چادروں میں ڈھکی ہوئی تھیں۔خان یونس میں ایک اور گھر پر حملے میں خاندان کے تین افراد بچے سمیت مارے گئے ۔مغربی کنارے میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے میں ایک شخص شہید ، نو زخمی ہو گئے ۔غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم ازکم 45ہزار 717فلسطینی شہید،1لاکھ 8ہزار 856زخمی ہو چکے ۔علاوہ ازیں بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل کو 8ارب ڈالر کے اسلحے کی فروخت کے بارے میں امریکی کانگریس کو غیر رسمی طور پر مطلع کیا ہے ، پیکیج میں چھوٹے قطر کے بم ، وار ہیڈز ، لڑاکا طیاروں اور حملہ آور ہیلی کاپٹروں کیلئے گولہ بارود شامل ہے ۔ معاہدے کو ایوان نمائند گان اور سینیٹ کی کمیٹیوں سے منظوری درکار ہوگی۔اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے تصدیق کی ہے کہ یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی کیلئے قطر میں حماس کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے ۔