اے آئی: 2 گھنٹے میں کسی بھی انسان کی شخصیت کی نقل تیار

اے آئی: 2 گھنٹے میں کسی بھی انسان کی شخصیت کی نقل تیار

کیلیفورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک)آرٹیفیشل انٹیلی جنس(اے آئی)سے اب حیرت انگیز طور پر 85 فیصد درستگی کے ساتھ صرف 2 گھنٹے میں کسی بھی انسان کی شخصیت کی نقل تیار کی جا سکتی ہے۔

سٹینفورڈ یونیورسٹی اور گوگل کے ماہرین نے ملکر ایک تحقیق میں اے آئی ایجنٹس کو تیار کیا ۔ماہرین نے ان اے آئی ایجنٹس کو تیار کرنے کیلئے پہلے1052 افراد سے الگ الگ 2 گھنٹے تک انٹرویو لئے اور پھر ان انٹرویوز کو ایسا جنریٹیو اے آئی ماڈل بنانے کیلئے استعمال کیا جسے انسانی رویے کی نقل کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا جب ان جنریٹیو اے آئی ماڈلز کو ٹیسٹ کے مرحلے سے گزارا گیا تو انکشاف ہوا کہ یہ ماڈل انسان کے رویے کی 85 فیصد تک درست نقل کر رہا ہے ۔ماہرین نے بتایا کہ یہ اے آئی ماڈلز متعدد شعبوں میں انسانوں کی شخصیت کی درست نقل کرسکتے ہیں مگر کچھ تناظر میں جیسا کہ معاشی فیصلہ سازی اور سماجی باریکیوں کو سمجھنے میں ان ماڈلز کو مشکل ہوگی۔ ماہرین کے مطابق یہ اے آئی ماڈلز مختلف تحقیقی منظر ناموں میں کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں جیسے کہ صحت عامہ کی پالیسیوں کی تاثیر کا اندازہ لگانے ،مارکیٹ میں نئے پروڈکٹس کی لانچ پر صارفین کے ردعمل کو سمجھنے اور یہاں تک کہ بڑی سماجی تقریبات پر انسانی ردعمل کا اندازہ لگانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں