میانمار،تھائی لینڈ میں زلزلہ،153 افراد ہلاک،732 زخمی
نیپیداو، بنکاک،بیجنگ،اسلام آباد (اے ایف پی ،وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)میانمار میں 7.7 اور 6.4کی شدت کے یکے بعد دیگرے 2 زلزلے کے جھٹکے ،150 افراد ہلاک اور 732 زخمی ہو گئے جبکہ زلزلے کے جھٹکے کے اثرات تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی محسوس کیے گئے ۔
یہاں 3 افراد ہلاک ہو گئے ۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار میں 10 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ میانمار میں متعدد رہائشی عمارتیں گر گئیں،سڑکیں تباہ ،سینکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے ،کئی شہروں کا انفرا سٹرکچر بری طرح متاثر ہوا۔ میانمار کے شہرمنڈالے میں مسجد کا کچھ حصہ منہدم ، 20 نمازیوں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ تاحال زلزے کے نقصانات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ۔میانمار جنتا کے سربراہ من آنگ ہلینگ نے غیر ملکی امداد کا مطالبہ کر دیا۔انہوں نے کہا عالمی برادری اور فلاحی تنظیموں کی مدد کی اشد ضرورت ہے ۔ بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔میانمار کے متاثرہ علاقوں ساگانگ، منڈالے ، میگ وے ، شمال مشرقی شان ریاست، نیپیداو اور باگو میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ۔بنکاک میں بھی ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ،تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پیٹونگٹرن نے کہا کہ بنکاک بھر میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ،شہر کے شمال میں 30 منزلہ زیر تعمیر عمارت منہدم ہو گئی ،کم ازکم 43افراد عمارت کے ملبے تلے پھنس گئے ۔
تھائی لینڈ نیشنل انسٹیٹیوٹ فار ایمرجنسی میڈیسن کا کہنا ہے کہ بینکاک میں تین افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے ۔ 68 کارکن زخمی ہیں ۔ کئی افراد کی حالت نازک ہے ۔تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم کے مطابق سائٹ کے 81 تعمیراتی کارکن اب بھی عمارت کے ملبے تلے دبے ہیں۔بنکاک میں میٹرو اور ریل سروسز معطل کر دی گئیں۔ زلزلے کے جھٹکے چین ،بنگلہ دیش، بھارت، لاؤس میں بھی محسوس کیے گئے ۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے میانمار، تھائی لینڈ اور ہمسایہ ممالک میں تباہ کن زلزلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحے سے متاثر ہ ہر شخص کے ساتھ ہیں ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔میانمار اور تھائی لینڈ میں پاکستانیوں کی امداداور صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے وزارت خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا گیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ینگون اور بنکاک میں پاکستانی سفارت خانے اپنے شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں مدد فراہم کرنے کیلئے موجود رہیں گے ۔وزارت خارجہ نے رابطے کیلئے فون نمبر بھی جاری کر دئیے ۔