مقبوضہ کشمیر:جھڑپیں ،3نوجوان شہید،4بھارتی فوجی ہلاک
سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع کٹھوعہ میں 3کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نوجوانوں کو راجباغ کے علاقے گھاٹی جوتھانہ کے گاؤں جاکھول میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔علاقے میں بھارتی فوج راشٹریہ رائفلز، سنٹرل ریزرو پولیس فورس، بارڈر سکیورٹی فورس اور سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکار اتوار کے روز سے محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔علاوہ ازیں ضلع کٹھوعہ میں ایک جھڑپ کے دوران قابض بھارتی فوج کے 4اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس افسر سمیت سات اہلکار زخمی ہوئے ۔ادھر قابض انتظامیہ نے جمعتہ الوداع کے موقع پر بھی کشمیری مسلمانوں کو تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ اداکرنے کی اجازت نہیں دی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیا پر قابض انتظامیہ کی طرف سے جامع مسجد سرینگر کو بند کرنے کی سخت مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ کی طرف سے جامع مسجد کی بندش کے فیصلے سے کشمیری مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے ۔