بنگلہ دیش :شیخ حسینہ پر حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کا الزام
ڈھاکہ(اے ایف پی) بنگلہ دیشی پولیس نے کہا کہ مفرور وزیر اعظم شیخ حسینہ اور ان کی پارٹی عوامی لیگ کے 72افراد کے خلاف حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش پر ایک نیا فوجداری مقدمہ درج کر لیا ہے ۔
پولیس کے ترجمان جاسم الدین خان نے بتایا کہ تحقیقات کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ ملزموں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل میٹنگ میں شرکا کی تعداد 577 تھی۔ ہم ان کے کردار کی چھان بین کر رہے ہیں ، اگر سازش میں ملوث پائے گئے تو ان پر بھی فرد جرم عائد کی جائے گی۔ مقدمے میں کہا گیا کہ دسمبر میں عوامی لیگ کے تقریباً 600 اراکین کی ایک ورچوئل میٹنگ میں بنگلہ دیش میں خانہ جنگی کرنے کی سازش کی گئی تھی۔ بہت سے لوگوں نے ملک کے اندر اور باہر اپنی آخری سانس تک اپنی لڑائی جاری رکھنے کا عہد کیا تھا ۔یاد رہے حسینہ اس وقت پڑوسی ملک بھارت میں جلاوطن ہیں، وہ گزشتہ سال اگست میں طلباکی قیادت میں ہونے والے انقلاب میں مفرور ہو گئی تھیں۔دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں بنگلہ دیش کے رہنما محمد یونس سے ملاقات کی، بنگلہ دیشی حکومت نے کہا کہ توقع ہے کہ فریقین متعدد معاہدوں پر دستخط کریں گے ۔