پاکستان امن و ترقی کے فروغ کیلئے سنجیدگی سے کوشاں :چیئرمین سینیٹ
روم( نیوز ایجنسیاں )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی جو اس وقت 4 رکنی پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے روم میں موجود ہیں نے ویٹیکن میں ہولی سی کے ڈپٹی سیکرٹری آف سٹیٹ، آرچ بشپ ایڈگر پینا پارا سے ملاقات کی۔
معزز چیئرمین نے گزشتہ روز پوپ لیو چہاردہم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے دوران ہونے والی خوشگوار ملاقات کا ذکر کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھارت و پاکستان کے حالیہ تنازع پر پوپ کی تشویش اور امن، مکالمے اور خوشحالی کیلئے د ئیے گئے پیغام پر شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم مکالمے کے ذریعے امن و ترقی کے فروغ کے لئے سنجیدگی سے کوشاں ہیں ،خطے میں امن پاکستان کی اولین ترجیح ہے ، آرچ بشپ ایڈگر پینا پارا نے پاکستان اور ویٹیکن کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔