اسرائیل کی ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملے کی تیاریاں :امریکی انٹیلی جنس

واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں )امریکی انٹیلی جنس کے مطابق اسرائیل ممکنہ طور پر ایران کے جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری کر رہا ہے ۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے یہ رپورٹ اعلیٰ امریکی حکام کے حوالے سے جاری کی ہے ۔ انٹیلی جنس میں اسرائیلی حکام کی نجی و عوامی گفتگو، مواصلاتی نگرانی اور فوجی نقل و حرکت شامل ہیں جن سے حملے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔سی این این کے مطابق اگر امریکا اور ایران کے درمیان ایسا معاہدہ ہوتا ہے جس میں ایران کا یورینیم مکمل طور پر ختم نہ کیا جائے تو حملے کا خدشہ مزید بڑھ سکتا ہے ۔اس رپورٹ کے بعد تیل کی قیمتوں میں 1 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، سونے کی قیمتیں اوپر چلی گئیں جبکہ بڑھتے جغرافیائی تناؤ کے سبب بٹ کوائن ایک لاکھ 6ہزار 480ڈالر پرپہنچ گیا۔ سونے اور بٹ کوائن کی قیمتیں تاریخی سطح کے قریب ہیں، جو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر ان کی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے ۔