ایران اسرائیلی سی سی ٹی وی کیمروں سے انٹیلی جنس لینے لگا

ایران اسرائیلی سی سی ٹی وی کیمروں سے انٹیلی جنس لینے لگا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی نیوز ویب سائٹ بلوم برگ نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران اسرائیل میں نجی سی سی ٹی وی کیمروں تک رسائی حاصل کر کے ‘رئیل ٹائم’ انٹیلی جنس اکٹھی کر رہا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق اس ہفتے کے آغاز میں جب ایرانی بیلسٹک میزائلوں نے تل ابیب میں بلند و بالا عمارتوں کو نشانہ بنایا تو اسرائیل کے ایک سابق سائبر سکیورٹی اہلکار نے عوامی ریڈیو پر خبردار کیا کہ ‘اپنے گھریلو سکیورٹی کیمرے بند کر دیں یا ان کا پاس ورڈ تبدیل کریں۔اسرائیل نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کے سابق نائب ڈائریکٹر جنرل رفائیل فرانکو نے کہا ‘ہم جانتے ہیں کہ گذشتہ دو تین دنوں میں ایرانی یہ جاننے کی کوشش کرتے رہے ہیں کہ ان کے میزائل کہاں گرے تاکہ اپنی درستی بہتر بنا سکیں۔ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران سائبر حملوں میں تیزی آئی ہے ۔اسرائیل نواز ہیکرز گروپ ‘پریڈیٹری سپیرو’ نے ایران کے ایک بڑے بینک اور کرپٹو ایکسچینج پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے ‘آئی آر آئی بی نیوز’ کے مطابق اسرائیل نے ملک کے اہم انفراسٹرکچر پر بڑا سائبر حملہ کیا ہے ۔اسرائیل نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ایران جنگی منصوبہ بندی کے لیے انٹرنیٹ سے منسلک کیمروں کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ ترجمان نے بتایا: ‘ہم نے جنگ کے آغاز سے ایسی کوششیں دیکھی ہیں اور اب یہ دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں