آزاد فلسطینی ریاست ہی امن کا واحد راستہ ، پیوٹن
روس ہمیشہ سے مشرقِ وسطیٰ مسائل کے سیاسی حل پر یقین رکھتا ہے امن منصوبے پرعملدرآمد خطے میں دیرپا استحکام کیلئے نہایت اہم ،خطاب
ماسکو / دوشنبے (نیوز ایجنسیاں)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ میں جنگ بندی اور امن منصوبے کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں ایک آزاد ریاست کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے ۔دوشنبے میں منعقدہ روس، وسطی ایشیا سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے جو تجاویز پیش کی ہیں روس نے انہیں فوری طور پر حمایت دی ہے ۔ یہ منصوبہ عرب اور اسلامی دنیا میں بھی مثبت انداز میں قبول کیا گیا ہے ، اس پر عمل درآمد خطے میں دیرپا استحکام کے لیے نہایت اہم ہے ۔پیوٹن نے واضح کیا کہ روس ہمیشہ سے مشرقِ وسطی کے مسائل کے سیاسی اور سفارتی حل پر یقین رکھتا ہے اور ماسکو ہر اس کوشش کی حمایت کرے گا جو خون ریزی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے ہو۔