ایران کو دھمکیاں خطے میں عدم استحکام بڑھائیں گی، ایرانی صدر کی سعودی ولی عہد سے گفتگو
تہران (اے ایف پی)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کو دھمکیاں خطے میں عدم استحکام بڑھائیں گی۔انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے گفتگو میں کہا کہ امریکی دباؤ خطے کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ،ایران اب بھی جنگ سے بچاؤ کے کسی بھی اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ہمسایہ ملک کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال ہوئی تو اسے دشمن سمجھا جائے گا۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل پر حملہ کیا گیا تو اس کا ایسا جواب دیا جائے گا جو ایران نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔انہوں نے کہا غزہ میں فلسطینی ریاست نہیں بننے دیں گے ۔ اسرائیل کی توجہ اب دو اہم اہداف پر مرکوز ہے ، جن میں حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کو ہتھیاروں اور سرنگوں سے پاک کرنا شامل ہے ۔ادھر ایران نے عالمی اداروں کو آگاہ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں دہشتگردو ں کی مددکررہے ہیں۔ایرانی حکام نے دعویٰ کیاکہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی سے جڑے فسادیوں کو بڑی تعداد میں گرفتار کرلیا ہے ۔اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں 15 لاکھ تک گر گیا ہے جو اب تک کی کم ترین سطح ہے۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران سے نئی ڈیل کیلئے چار شرائط عائد کرنا چاہتی ہے ۔ان شرائط میں افزودہ یورینیم کی ایران سے مکمل منتقلی، مقامی سطح پر یورینیم کی افزودگی روکنا، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی حد بندی اور علاقائی پراکسیز سے تعاون بند کرنا شامل ہے ۔یورپی یونین نے پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔عراق میں ایرانی حمایتی تنظیم کتائب حزب اللہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو خطے میں مکمل جنگ چھڑ جائے گی۔