یوکرینی توانائی مراکز پر روسی حملے ، خاتون سمیت 6ہلاک

یوکرینی توانائی مراکز پر روسی حملے ، خاتون سمیت 6ہلاک

حملوں میں رہائشی عمارتیں، سکول متاثر،زیلنسکی کا روس پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ چینی وزیر دفاع کا روسی ہم منصب سے رابطہ،دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

کیف ،بیجنگ(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) روس نے یوکرین کے توانائی مراکز پر حملے کرتے ہوئے چھ افراد کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کر دیا، جن میں دو بچے اور ایک حاملہ خاتون شامل ہیں۔ یوکرینی حکام کے مطابق جنوبی شہر اوڈیسا میں ڈرون حملوں سے رہائشی عمارتیں، سکول اور چرچ متاثر ہوئے ۔ صدر ولودومیر زیلنسکی نے حملوں کو امن کوششوں کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے اتحادیوں سے روس پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ توانائی کمپنی ڈی ٹی ای کے نے اپنے ایک پلانٹ کو شدید نقصان پہنچنے کی تصدیق کی۔

روسی حملوں کے باعث مختلف علاقوںمیں بجلی اور گیس کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، روس نے مشرقی محاذ پر مزید پیش قدمی کا دعویٰ کیا ہے ۔دوسری جانب چینی وزیرِ دفاع ڈونگ جون نے روسی ہم منصب سے گفتگو میں سٹریٹجک تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا ہے ۔ ویڈیو کال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈونگ جون کا کہنا تھا کہ چین اور روس مل کر مختلف خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنائیں گے اور عالمی امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں